سیکورٹی فورسز نے پیر کو ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں خفیہ اطلاعات پر ایک آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ اس دوران ایک میجرجام شہادت نوش کرگئے ہیں۔ یہ بات پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن بھارت کے حمایت یافتہ گروپ ’فتنتہ الخوارج‘ سے منسلک دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی 36 سالہ میجر عدیل زمان اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جو سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے تلاش کی کارروائیاں جاری ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ”عزم استحکم“ کے فریم ورک کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
