35.2 C
Islamabad

سرمایہ کاروں کا سی ڈی اے پر اعتماد،کمرشل پراپرٹیزکے نیلام عام میں پہلے دن 13 ارب 52 کروڑ کے پلاٹس فروخت

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے پہلے دن مجموعی طور پر 13.52 ارب روپے کے پلاٹس نیلام کئے گئے۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر نیلامی کے عمل کی نگرانی ممبر فنانس طاہر نعیم اور انکی سربراہی میں تشکیل دی گئی آکشن کمیٹی کررہی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نیلام عام میں سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت سی ڈی اے کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق، نیلام عام کے پہلے روز بلیو ایریا کا پلاٹ نمبر 15 واقعہ (F-8/G-8) کو 3.52 ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسی طرح بلیو ایریا کا پلاٹ نمبر 17 واقعہ (F-8/G-8) کو 9.15 ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ آرچررڈ سکیم، مری روڈ کا پلاٹ نمبر C۔37 کو 42 کڑور 20 لاکھ روپے اور آرچررڈ سکیم، مری روڈ کا ہی پلاٹ نمبر D۔37 کو 42 کڑور روپے میں نیلام ہوا۔ اسطرح مجموعی طور پر نیلامی کے پہلے روز چار پلاٹس 13.52 ارب روپے میں نیلام کئے گئے۔سہہ روزہ رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی 24 دسمبر تک جناح کنونشن میں جاری رہے گی۔ نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے رہائشی و کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کیلئے پیش کئے جارہے ہیں۔ نیلامی میں مختلف مراکز، E-11 ناردرن سٹرپ، ایگرو فارمز سمیت پیٹرول پمپ کے پلاٹس نیلام کئے جائیں گے۔ اسی طرح سہہ روزہ رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی میں بلیو ایریا کی تعمیر شدہ دکانوں بھی شامل ہیں جبکہ نیلامی میں مختلف سیکٹر کے رہائشی پلاٹس بھی نیلام عام کئے جائیں گے۔ سی ڈی اے کے سرمایہ کار دوست اقدامات کے تحت سرمایہ کاروں کو نیلام عام میں بھرپور شرکت کیلئے مختلف رعائتیں و سہولیات دی گئیں جن میں کمرشل پلاٹس پر یو ایس ڈالر میں ادائیگی پر اضافی 5 فیصد رعایت دی جائیگی۔ کمرشل پلاٹس کی بولی کی منظوری کے 30 دنوں کے اندر یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد رعایت بھی دی جائیگی۔ اسی طرح پہلی 25 فیصد ادائیگی کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری کی سہولت بھی دی جائیگی۔ جبکہ 75 فیصد ادائیگی پر پلاٹ کا قبضہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی نے کہا کہ رہائشی و کمرشل پلاٹس کے نیلام عام سے موصول ہونے والی آمدن کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی پر خرچ کیا جائیگا۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین