رپورٹ کے مطابق سری لنکن حکام نے پیر کو ایک عدالت کو بتایا کہ سابق سری لنکن کپتان ارجنا راناٹنگا کے خلاف کرپشن کے مقدمے میں گرفتاری کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ الزامات ان کے وزارتِ پٹرولیم کے دور سے متعلق ہیں۔بدعنوانی پر نظر رکھنے والے ادارے کمیشن ٹو انویسٹی گیٹ الیگیشنز آف برائبری یا کرپشن کے مطابق ارجنا راناٹنگا اور ان کے بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے طویل المدتی تیل کی خریداری کے معاہدوں کے طریقہ کار میں تبدیلی کی اور مہنگی قیمت پر اسپاٹ خریداری کی۔کمیشن کے مطابق 2017 میں کیے گئے 27 سودوں سے ریاست کو مجموعی طور پر 800 ملین سری لنکن روپے (اس وقت کے حساب سے 50 لاکھ ڈالر سے زائد) کا نقصان ہوا۔کمیشن نے کولمبو کے مجسٹریٹ آسانگا بوداراگاما کو بتایا کہ ارجنا راناٹنگا اس وقت بیرونِ ملک ہیں اور وطن واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔اس کیس میں ارجنا راناٹنگا کے بڑے بھائی دھمیکا راناٹنگا، جو اْس وقت سرکاری ملکیتی سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین تھے، کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مجسٹریٹ نے دھمیکا راناٹنگا پر سفری پابندی بھی عائد کر دی ہے۔ وہ سری لنکا اور امریکہ کی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی اگلی سماعت 13 مارچ کو مقرر کر دی ہے۔
