اسلام آباد
جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے تاجر کو اغواء کر کے بھتہ لینے کے مقدمہ میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کر دی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے اے ایس آئی زر بادشاہ، اے ایس آئی فخر اقبال اور دیگر ملزمان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق حکم نامہ جاری کیا۔ پولیس کی جانب سے عدالت سے ملزمان کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے تین روزہ توسیع منظور کی ۔ ریمانڈ پیپرز کے مطابق پولیس نے دورانِ تفتیش ملزمان کے قبضے سے 30 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں۔ تفتیشی حکام کا مؤقف ہے کہ ملزمان نے مدعی مقدمہ کو ٹریپ کر کے غیر قانونی حبسِ بے جا میں رکھا اور بعد ازاں اس سے دو کروڑ روپے کی ڈکیتی کی۔ عدالت نے ملزمان کو دوبارہ 16 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیش آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس ملازمین کے خلاف تھانہ نون میں مقدمہ درج ہے ۔
