پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیموں لاہور قلندرز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آئندہ دس برس تک اپنے موجودہ مالکان کے پاس ہی رہیں گی۔
مگر اس فہرست میں ملتان سلطانز شامل نہیں جس کے مالک علی ترین کے بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کے ساتھ اختلافات رہے ہیں۔
پی ایس ایل نے ایکس پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کے بیانات شیئر کیے اور انھیں فرنچائز معاہدے کی 10 سالہ تجدید پر مبارکباد پیش کی۔ اس سے قبل لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالکان کے بیانات بھی شیئر کیے گئے اور سب نے لیگ میں آئندہ 10 سال کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی۔
دوسری طرف ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے ایکس پر اپنے بیان میں ’الوداع‘ کہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’میں اپنے پیروں پر کھڑے رہتے ہوئے اس ٹیم کو کھو دینے کو ترجیح دوں گا، بجائے اس کے کہ میں (اس ٹیم کو) اپنے گھٹنوں پر رہ کر چلاؤں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’یہ ٹیم جنوبی پنجاب کی ہے۔ جو بھی آگے جا کر سلطانز کا کنٹرول سنبھالے وہ انھیں اسی جذبے کے ساتھ سپورٹ کرے۔ میں بھی سٹینڈز میں آ کر سپورٹ کروں گا۔‘
