بانی پی ٹی آئی کا ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی
اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہو رہا۔ سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی سخت نگرانی میں قید ہیں اور ان کے پاس کسی قسم کی ممنوعہ چیز، خصوصاً موبائل فون موجود نہیں
انہوں نے بتایا کہ جیل کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں موبائل سگنلز جیمرز نصب ہیں، جس کے باعث موبائل اور انٹرنیٹ کا استعمال ممکن نہیں۔ سپریٹنڈنٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جیل رولز کے تحت بانی پی ٹی آئی کو سیاسی گفتگو سے روکا گیا ہے، تاہم ملاقاتوں کے دوران بعض افراد قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی بحث مباحثے میں مشغول رہتے ہیں
۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ماضی میں سیاسی ہدایات نے متعدد مواقع پر معاشرے میں تشدد کو بڑھایا، لیکن موجودہ صورتحال میں انہیں ایسی کسی سہولت تک رسائی حاصل نہیں
سپریٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں چلایا جا رہا اور بیرونِ جیل سے کوئی اسے آپریٹ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قیدی کو صرف جیل رولز یا عدالتی احکامات کے مطابق معمول کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، اور موبائل یا انٹرنیٹ کی سہولت ان میں شامل نہیں۔ درخواست پر مزید کارروائی آئندہ سماعت میں متوقع ہے
