39.4 C
Islamabad

سینیٹر و کالم نگار عرفان صدیقی انتقال کرگئے

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور معروف کالم نگار عرفان صدیقی انتقال کرگئے۔

سینیٹر عرفان صدیقی 2 ہفتے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، وہ پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر منتخب ہوئے تھے۔ عرفان صدیقی پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں حکمران جماعت کے پارلیمانی لیڈر تھے، اُن کی سینیٹ میں مدت مارچ 2027ء تک تھی۔

عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر تھے، ان کا شمار صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے قابل اعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ خارجہ امور کی سینیٹ کمیٹی کے چیئرپرسن تھے جبکہ بزنس ایڈوائزری، ہیومن رائٹسس، انفارمیشن و براڈ کاسٹنگ، داخلہ اور منشیات کنٹرول سمیت مختلف کمیٹیوں کے رکن تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہوگیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی نے علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا، عرفان صدیقی مسلم لیگ ن کے ایک اہم رکن اور ہمارے قریبی ساتھی تھے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں عرفان صدیقی کا شمار ہوتا تھا، عرفان صدیقی کی جماعت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی کی علمی خدمات اور قومی بصیرت آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، عرفان صدیقی شفیق، منکسرالمزاج اور بے حد نفیس انسان تھے۔ عرفان صدیقی نے ہر موقع پر مثبت سوچ اور علمی دیانت کی بنیاد پر رہنمائی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی کا انتقال میرے لیے، علمی دنیا کے لیے اور معاشرے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ اللّٰہ تعالیٰ عرفان صدیقی کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

صدر آصف علی زرداری نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے عرفان صدیقی کی صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ عرفان صدیقی اصول پسند، تہذیب کی علامت اور باوقار شخصیت تھے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین