راولپنڈی: پنجاب کے سابق وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی خودی کا فلسفہ صرف غریب اورمحروم لوگوں تک محدود اور صاحبان سیاست و اختیار کے دل ودماغ سے معدوم ہو گیا ہے.ہمارے پاس وسائل اورپیسوں کی کوئی کمی نہیں مگر حکومتی سطح پراور انتظامی اداروں میں ایسے منتظم لوگ نہیں جو ان وسائل کو بہترین طریقے سے ایمانداری کے ساتھ استعمال کرکے غربت میں کمی لا سکیں.
انہوں نے ان خیالات اظہار کا یوم اقبال کے موقع پر جناح اقبال ساؤتھ ایشئن فورم کے زیراہتمام شاعر مشرق علامہ ڈاکٹرمحمداقبال کے تخفیف غربت ویژن کے موضوع پر انجمن فیض الاسلام، فیض آباد مری روڈ راولپنڈی میں منعقدہ ایک سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
چیئرمین فورم رانا عبدالباقی، ڈاکٹر سعدیہ کمال، ڈاکٹر مسز صباحت، فورم کے اراکین، انجمن فیض الاسلام کے کیمپس منیجر محمدتنویر اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر پنجاب اورخیبر پختونخواہ کے سیلاب متاثرین سمیت مقامی سفید پوش خاندانوں میں گرم لحافوں کے تحائف بھی تقسیم کئے گئے.
ڈاکٹر جمال ناصر نے سیلاب متاثرین اور مستحق خاندانوں میں گرم لحافوں کی تقسیم پر جناح اقبال فورم بالخصوص رانا عبدالباقی کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی محرومیوں کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ اقبال کے فلسفہ خودی کا پرچار کرکے فورم وہ کام کر رہا ہے جوہم سب کیلئے قابل تقلیدہے. علامہ ڈاکٹرمحمد اقبال نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں کوئی محروم اور غریب نہ ہو. گنے چنے چند خاندان سیاست اوراقتدار پرقابض ہیں جن کے اقتدار کو سہارا دینے والے مفاد پرست بار بار پارٹیاں بدل کر اپنی اوراپنے بڑے سیاسی راہنماؤں کے مفادات کو تحفظ دینے کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں جبکہ غریب کو کوئی پوچھنے والا نہیں.ہمیں ان کے اندر قائد اور اقبال کا ویژن نہیں ملتا.اقبال کی خودی کا فلسفہ ارباب اقتدار و اختیار کے دل و دماغ سے کب کا رخصت ہوا اور صرف غریب ہی اقبالی فلسفے کے امین باقی بچے ہیں.
فورم کے چیئرمین رانا عبدالباقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم بانیان پاکستان قائد واقبال کے تخفیف غربت ویژن کولے کر اپنی استطاعت اوردائرہ اختیارکے اندر غربت کے خاتمے کی کاوشیں کر رہے ہیں. ہمارے لوگ بالخصوص نئی نسل پاکستان کے بانیوں کے ویژن سے عدم آگاہی کے باعث دور ہو رہی ہے. انہوں نے کہا کہ یوم اقبال کے موقع پر سفید پوش خاندانوں اور سیلاب متاثرین کیلئے لحافوں کے تحائف تقسیم کرنے کی اس تقریب کا مقصد لوگوں کو اقبال کی شخصیت، کرداراورفلسفے سے آگاہ کرنا اور دوسرے صاحبان ثروت اور باشعور لوگوں کو ترغیب دلانا بھی ہے کہ وہ وسائل سے محروم سفید پوشوں کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے خرچ کریں.
ڈاکٹر سعدیہ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناح اقبال فورم ہر مشکل گھڑی میں قدرتی آفات اورغربت سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرتا ہے. انہوں نے تقریب کے شرکاء کو اقبال کے پیغام اورفکری راہنمائی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان اور مسلمانوں کی فلاح کیلئے اقبال نے جو راہنمائی دی تھی اس پر جناح اقبال فورم چیئرمین رانا عبدالباقی کی سربراہی میں پوری طرح عمل پیرا ہے. سیلاب متاثرین کو اب بھی بڑے پیمانے پرریلیف کی ضرورت ہے. ڈاکٹرمسز صباحت نے نظامت کے فرائض انجام دئیے.
بعد ازاں مقامی سفیدپوش خاندانوں میں گرم لحافوں کے تحائف تقسیم کئے گئے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سیلاب متاثرین کیلئے لحافوں کے تحائف جناح اقبال فورم کی ٹیمیں لے کر روانہ ہوئیں.
