اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم میں وزیر اعظم کے استثنیٰ کی تجویز مسلم لیگ ن کے سینیٹرز واپس لے لیں گے،دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹی میں ترمیم کے مسودہ پر 85 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
اتوار کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے مسودے پر دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹی نے 85 فیصد کام مکمل کرلیاہے،ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کی تجاویز پر بھی غور کیاجائے گا،امید ہے کمیٹی اپنا کام جلد نمٹا لے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کل آذربائیجان سے پاکستان واپس لوٹے ہیں،وزیر اعظم نے استثنیٰ سے متعلق تجاویز سے منع کردیا ہے،وزیر اعظم نے اٹارنی جنرل اور مجھے بلایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر وزیر اعظم کے استثنیٰ سے متعلق تجاویز واپس لے لیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر اور دیگر عہدوں کے لئے استثنیٰ سے متعلق عوامل مختلف ہیں،وزیر اعظم ایسا کوئی استثنیٰ نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے ارکان گزشتہ روز کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے تھے،جے یو آئی کے ارکان نے کمیٹی کو پارٹی پالیسی سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پارلیمانی جماعتوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنا چاہیے۔
