وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی و تحقیق رانا تنویر حسین کی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شیخوپورہ سنٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت, میڈیا سے گفتگو
شیخوپورہ: وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم پر عمل درآمد کے ساتھ ہی تینوں افواج پاکستان کی چین آف کمانڈ کا نظام دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ڈیفنس کمانڈ سسٹم کے برابر ہو جائے گا۔ حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران یہ بات محسوس کی گئی کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کی کمانڈ کا نظام بہتر سے بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے اور جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا ادارہ زیادہ مؤثر نہ ہے۔
27 ویں ترمیم میں تینوں افواج کی کمان میں بری فوج کے سپہ سالار کا کردار مؤثر ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری ہاؤسنگ کالونی فیز (ٹو) میں بننے والے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شیخوپورہ سنٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کی منظوری کا کام آسان بنانے کی خاطر سینٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ کمیٹی بنا دی گئی ہے اور یہ مشترکہ طور پر سفارشات تیار کر کے اجلاس میں پیش کر دے گی، ان شاء اللہ تمام پارلیمانی جماعتوں کے تحفظات دور ہوں گے اور 27 ویں ترمیم اسی ماہ نہیں بلکہ اسی ہفتہ میں منظوری کے لیے صدر آصف علی زرداری کو اپروول کی خاطر بھیج دی جائے گی۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ دوحہ مذاکرات کی ناکامی اور ہمارے وفد کی واپسی کے بعد قومی سلامتی کمیٹی اجلاس بلانے کی تجویز زیر غور نہ ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ افغانستان ہمارا برادر مسلم ہمسایہ ملک ہے مگر اسے پاکستان کے خلاف افغانستان میں بیٹھ کر دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا پڑے گی اور بھارت کی گود چھوڑنا ہوگی ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ 27 ویں ترمیم کے بعد دوبارہ پارلیمانی جماعتوں سے بیٹھک کر کے انہیں 18 ویں ترمیم کی وجہ سے درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت بنانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ آئینی عدالت بننے سے عدالت عظمیٰ میں پرانے مقدمات کے فیصلے بھی جلد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ٹرین مس نہیں کرنی چاہیے، تمام پارلیمانی جماعتیں آن بورڈ ہیں ،ہم 27 ویں ترمیم پر پی ٹی آئی سے بھی گفت و شنید کرنے کا تیار ہیں ۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شیخوپورہ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محدود عرصہ میں اس سنٹر میں ساڑھے 12 ہزار طلباء و طالبات کا اندراج ہو چکا ہے یہ خوش آئند بات ہے۔
تقریب سے وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور نواز لیگ کے رہنماؤں رانا طاہر اقبال ایم پی اے، پیر اشرف رسول ایم پی اے، سردار عرفان ڈوگر سابق ایم این اے، حاجی محمد نواز سابق ایم پی اے، محمود الحق شاہین سابق ایم پی اے، چوہدری شہباز چھینہ، میاں منور اقبال، سید سجاد حسین شاہ، سرفراز احمد چھینہ، ڈی سی شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عظمیٰ ادریس نے بھی خطاب کیا۔
