25.4 C
Islamabad

کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم اقبال پر یادگار اور منفرد سیمینار

حکیم الامت کے یوم ولادت پر مسلسل 30 سال سے تقریب کا انعقاد، ماہر اقبالیات رانا اعجاز نے اہم سنگ میل عبور کر لیا
مقررین اور شعراء کا شاعر مشرق کو زبردست خراج تحسین، ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان کا خصوصی ویڈیو پیغام پیش کیا گیا

کویت: کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن ایسا منفرد پلیٹ فارم ہے جس کے بینر تلے ہر سال کویت اور پاکستان کے قومی ایام بڑے جوش و جذبہ سے منائے جاتے ہیں۔ کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر رانا اعجاز حسین سہیل ایڈووکیٹ اقبالیات پر مکمل عبور رکھتے ہیں۔ ان کا شمار دنیا بھر میں اقبالیات کے بڑے ماہرین میں ہوتا ہے۔ کہیں بھی اقبالیات پر کوئی سیمینار ہو تو اس میں پروفیسر رانا اعجاز حسین سہیل کی شرکت لازمی تصور کی جاتی ہے۔ کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن نے مسلسل 30 سال سے کویت میں یوم اقبال پر سیمینار منعقد کرانے کا جو منفرد اعزاز حاصل کیا ہے اس کا سہرا پروفیسر رانا اعجاز حسین سہیل کے سر ہے ، جو ان تمام پروگراموں کے روح رواں رہے ہیں۔

گذشتہ روز ہونے والے پروگرام کی صدارت گلف یونیورسٹی کویت کے پروفیسر ڈاکٹر علی انصاری نے کی جبکہ سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال، مہمان خصوصی تھے۔ کمپیئرنگ کے فرائض محمد عمران اور سہیل یوسف نے بڑی خوبصورتی سے انجام دیئے۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت حافظ ڈاکٹر رحمت اللہ خاں نے حاصل کی۔ طارق اقبال نے علامہ اقبال کی مشہور نظم ‘خودی کا سر نہاں’ بڑی خوبصورتی سے پیش کی۔

معروف ماہر اقبالیات، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی، ڈائریکٹر اقبال اکادمی پاکستان ایوان اقبال لاہور کا خصوصی ویڈیو پیغام پروجیکٹر اسکرین پر پیش کیا گیا ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کویت یونیورسٹی میں ‘اقبال چیئر’ قائم کی جانی چاہیے۔ تمام شرکاء نے اس تجویز کی پرزور حمایت کی۔ پاکستان ویمن فورم کویت کی صدر محترمہ فریحہ مظہر نے ‘اقبال کا پیغام’ کے عنوان سے ایک مقالہ پیش کیا۔

کلیدی خطاب تقریب کے میزبان پروفیسر رانا اعجاز حسین سہیل کا تھا جس میں انہوں نے مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری اور ادبی خدمات کے حوالہ سے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ فکر اقبال اپنے بچوں تک پہنچائیں۔ یہ اس دور کی اشد ضرورت ہے۔

مہمان خصوصی سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ عالمی سطح پر علامہ اقبال کے کلام کی اہمیت تسلیم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جرمنی میں بھی سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں، وہاں پر بھی علامہ اقبال کو ایک بڑا شاعر اور فلسفی تسلیم کیا جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقبال کے پیغام کو مزید موثر طریقہ سے نئی نسل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے برس یوم اقبال کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں نوجوان اس سے زیادہ تعداد میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے یوم اقبال پر ایک یادگار تقریب منعقد کرنے پر پروفیسر رانا اعجاز حسین سہیل اور کے پی ایف اے کو مبارکباد پیش کی۔

کے پی ایف اے نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے وفاقی تعلیمی بورڈ اسلام آباد کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں شاہین ایوارڈز تقسیم کئے۔ پروگرام کے اس حصہ کی کمپیئرنگ کے فرائض طاہر بشیر نے بڑے احسن طریقہ سے انجام دیئے۔ امسال یہ تمام پوزیشنیں انٹرنیشنل اسکول خیطان کے طلباء و طالبات نے حاصل کیں۔ اسکول کے پرنسپل کرنل ( ر) انجم مسعود کو بھی شیلڈ پیش کی گئی۔

کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی طرف سے سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ کویت میں مقیم سینئر شاعر عماد بخاری اور خالد سجاد نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ نمونہ کلام:
عماد بخاری
تو شاعر مشرق ہے تیری بات بڑی ہے
اقبال تو زندہ ہے جوانوں کے دلوں میں
خالد سجاد
ڈرنے والا مرد مومن ہو نہیں سکتا کبھی
ڈٹ گیا میدان میں جس کا حوصلہ اقبال ہے
شاعری کرتا ہوں خالد اس لئے بھی شوق سے
ناز ہے مجھ کو کہ میرے شہر کا اقبال ہے

پروفیسر ڈاکٹر علی انصاری نے صدارتی خطاب میں یوم اقبال کے سلسلہ میں یادگار تقریب منعقد کرنے پر کے پی ایف اے کے صدر رانا اعجاز حسین سہیل اور دیگر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ کے پی ایف اے کے ایگزیکٹو ممبر محمد ثاقب آفتاب نے سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال اور تمام مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔ پرتکلف عشائیہ کے بعد یہ تقریب کئی خوشگوار یادیں لئے اختتام کو پہنچی۔
کویت: رپورٹ، محمد عمر۔ میڈیا کوریج، عمران ظفر

مزیداسی طرح کی
Related

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد حکومت اورالیکشن دوبارہ آمنے سامنے

اسلام آباد(وقائع نگار )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی...

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کو چین کے دارالحکومت...

آئی۔ایم ایف سے پاکستان کو 1 ارب 30 کروڑ ڈالرز موصول

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا...

تازہ ترین