25.4 C
Islamabad

پاکستان اور کویت کی سرکاری نیوز ایجنسیوں نے خبروں کے اشتراک اور میڈیا تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے

اسلام آباد: پاکستان اور کویت کی سرکاری نیوز ایجنسیوں نے خبروں کے اشتراک اور میڈیا تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے. ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور کویت نیوز ایجنسی (کونا) نے منگل کوخبروں کے اشتراک میں تعاون کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ زوم کے ذریعے منعقدہ ایک ورچوئل تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط ،کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی اور کویت نیوز ایجنسی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل محمد المنائی کے علاوہ دونوں اطراف کے سینئر حکام کی موجودگی میں ہوئے۔

سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے دونوں خبر رساں اداروں کے عہدیداروں کا تعارف کرایا اور انہیں پاکستان اور کویت تعلقات کے لیے ایک "تاریخی دن” اور میڈیا تعاون میں ایک نئے دور کے آغاز پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب قابل اعتماد معلومات کا بہاؤ بہت ضروری ہے، مفاہمت نامے سے دونوں ممالک کو قریب لانے اور علاقائی رابطوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو تقویت دینے کے لیے عوامی سطح پر لوگوں کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ کونا کے قائم مقام ڈی جی محمد المنائی نے اس معاہدے کو میڈیا اور صحافت کی تربیت میں گہرے تعاون کے لیے ایک گیٹ وے قرار دیا۔

انہوں نے تعاون اور حمایت پر پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور ایک پائیدار شراکت داری کی امید ظاہر کی جس سے ثقافتی اور پیشہ ورانہ تبادلے کو بھی فروغ ملے گا۔منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی نے کہا کہ دنیا اس وقت "میڈیا اور جوابی بیانیہ” کے دور سے گزر رہی ہے، جہاں اس طرح کی شراکت داری کی بہت اہمیت ہے۔

انہوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات پر زور دیا اور مشرق وسطیٰ کی میڈیا تنظیموں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اے پی پی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مفاہمت نامے سے دونوں نیوز ایجنسیوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔
اسلام آباد (اے پی پی)
کویت: رپورٹ, محمد عمر

مزیداسی طرح کی
Related

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد حکومت اورالیکشن دوبارہ آمنے سامنے

اسلام آباد(وقائع نگار )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی...

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کو چین کے دارالحکومت...

آئی۔ایم ایف سے پاکستان کو 1 ارب 30 کروڑ ڈالرز موصول

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا...

تازہ ترین