اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والے اداروں، کمپنیوں اور افراد کا تین ہفتوں کے اندر سراغ لگا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرال کے نظام کا بین الاقوامی کنسلٹینسی فرم سے فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔ جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، علی پرویز ملک، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو واشنگٹن میں منعقدہ سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آر کی شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم نے ماضی میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے فراڈ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پرال کے نظام کا بین الاقوامی کنسلٹینسی فرم سے فارنزک آڈٹ کروایا جائے۔ وزیراعظم نے سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والے اداروں، کمپنیوں اور افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کرکے تحقیقاتی کمیٹی کو 3 ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے آئندہ تحقیقاتی رپورٹ میں شناخت ہونے والے مجرمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت بھی کی ۔
