کشمیریوں کی جدوجہد آزادی بہت جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی: کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر کا خطاب
رپورٹ: محمد عمر
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ،کویت میں پاکستانی سفارتخانہ میں یوم سیاہ کے موقعہ پر تقریب منعقد ہوئی۔ یوم سیاہ اس افسوس ناک ، دن کی یاد دلاتا ہے جب 27 اکتوبر 1947 کو انڈیا نے اپنی افواج بھیج کر وادی کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے احسن طریقہ سے انجام دئیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالباسط نے حاصل کی۔ سفارت خانہ کی کمرشل اتاشی سعدیہ سلطان نے صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے یوم سیاہ کے حوالہ سے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
ان رہنمائوں نے اپنے اپنے پیغامات میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیر میں جدوجہد آزادی کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم پروجیکٹر اسکرین پر پیش کی گئی۔ انٹرنیشنل اسکول پاکستان کے دو طالب علموں عبداللہ منور اور عبداللہ نے اپنی اپنی تقاریر میں کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا وہ دن دور نہیں جب سری نگر میں بھی پاکستان کا قومی ترانہ گونجے گا۔
ووپ میڈیا کے سی ای او طارق اقبال نے ایک انقلابی گیت ”ظلم رہے اور امن بھی ہو” بڑی خوبصورتی سے پیش کیا۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد کی گئی ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔
انہوں نے ورکنگ ڈے کے باوجود تقریب میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کیلئے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

کمرشل اتاشی سعدیہ سلطان، جنہوں نے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے
