اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی برطانیہ کی فضاؤں میں واپسی کا خیرمقدم کیا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور رابطوں کے ایک نئے سنگ میل کی علامت ہے۔ہفتہ کوسماجی اور میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے پیغام میں برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے پی آئی اے کے اس تاریخی موقع کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج25 اکتوبر پی آئی اے نے مانچسٹر کے لیے اپنی افتتاحی پرواز کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے پی آئی اے کی بحالی کو ایک مثبت سنگ میل قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت قومی ایئرلائن کی واپسی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا فضائی رابطہ پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔جین میریٹ نے کہا کہ اسلام آباد تا مانچسٹر پرواز پاکستان۔برطانیہ تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔برطانوی ہائی کمشنرنے کہا کہ فضائی رابطے کی بحالی سے تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے سفر آسان ہوگا۔برطانوی حکام نے بھی پی آئی اے کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئرلائن طویل انتظار کے بعد برطانوی فضاؤں میں پروازوں کے آغاز کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
