مظفر آباد: پاکستان میں برطانوی نشریاتی ادارے انڈپینڈنٹ اْردو کے وفد نے نظامت اعلٰی تعلقات عامہ کا دورہ کیا اور ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس سے ملاقات کی۔ انڈپنڈنٹ اْردو کے وفد میں سینئر منیجر ہارون الرشید، پراجیکٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹر پلوشہ خان اور ویڈیو جرنلسٹ فہد مظہر شامل تھے۔ اس موقع پر وفد نے محکمہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا جہاں انہیں آفیسران اطلاعات راجہ سہیل خان، خواجہ حنیف، راجہ عبدالباسط، خضر حیات اور ساجد نذیر نے محکمہ میں دستیاب جدید سہولیات، ڈیجیٹل میڈیا سیل، خبر نگاری، مانیٹرنگ اور پروڈکشن کے شعبوں سے متعلق بریفنگ دی۔
ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس اور ناظم سوشل و ڈیجیٹل میڈیا محمد بشیر مرزا نے وفد کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر نہ صرف مقامی میڈیا کے ساتھ مربوط انداز میں کام کر رہا ہے بلکہ نوجوان نسل کو میڈیا کے شعبے میں تربیت دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انٹرن شپ پروگرامز کے ذریعے طلبہ کو عملی تجربہ فراہم کرنا محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انڈپینڈنٹ اْردو ایک معتبر ادارہ ہے جس کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ سوشل میڈیا نے اسوقت میڈیا کی جہتوں کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے اس لیے ضروری ہے کہ میڈیا اقدار کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
انڈپینڈنٹ اردوکے وفد نے آزاد کشمیر میں میڈیا کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ میڈیا سٹوڈنٹس کی پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ وفد نے بتایا کہ انڈپنڈنٹ اْردو آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے میڈیا سٹوڈنٹس کو انٹرنشپ دینے جا رہا ہے تا کہ انہیں سیکھنے کے مواقع ملیں اور وہ میڈیا کے محاذ پر بہترین انداز میں کام کر سکیں۔

