اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نےگھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتےہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے۔
وہ پیرکو یہاں اپنی زیر صدارت سمیڈا کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی پر جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں( ایس ایم ایز) میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں اس حوالے سے آگاہی کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے،ترقی یافتہ ممالک میں بڑی صنعتوں کا خام مال ایس ایم ایز فراہم کرتی ہیں،زرعی اجناس کی پراسیسنگ کیلئے دیہی علاقوں میں ایس ایم ایز کے حوالے سے تربیت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے دفاتر کھول دیئے گئے ہیں جس کی عوام و چیمبرز کی طرف سے پذیرائی کی جارہی ہے،سمیڈا کا نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا جائےگا۔
یہ پلیٹ فارم خواتین کو کاروباری شعبے کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن، ٹیکس معاملات اور ہنر کی آگاہی بھی دے گا۔اجلاس میں ایس ایم ایز کو رسمی معیشت کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا
