راولپنڈی: صدر مرکزی انجمن تاجران لیاقت روڈ راولپنڈی شیخ عبدالوحید نے کہا ہے کہ ملک کا سفید پوش طبقہ مسائل کا شکار ہے، حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔ غریب آدمی کے لیے دو وقت کا کھانا محال ہو چکا ہے، وسائل کا اس وقت تک کوئی فائدہ نہیں ،جب تک ملک کا عام شہری ان سے مستفید نہ ہو سکے۔
انھوں نے کہا کہ عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح 44.7 فیصد ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ موجودہ حالات سے اندازہ ہوتا ہے کہ جو اعدادوشمار بتائے جاتے ہیں، حالات ان سے زیادہ سنجیدہ نوعیت کی جانب گامزن ہیں۔ شیخ عبدالوحید نے کہا کہ مہنگائی قابو سے باہر ہو چکی ہے۔ سادہ خوراک کا حصول بھی عام آدمی کی دسترس سے باہر ہو چکا ہے۔ انسان کا پیٹ خالی ہو تو جرائم کے اسباب بڑھ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی حکومت آتی ہے وہ ترقیاتی منصوبوں کا ڈھیر لگا دیتی ہے، لیکن اس سے عام آدمی کو کیا فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ہمارے عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے دو چار ہیں۔ وسائل موجود ہیں لیکن ان تک عام آدمی کو دسترس حاصل نہیں۔ بے روزگاری اور بے قابو مہنگائی کے باعث جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔
