خواتین کی صحت کو قومی ترجیح کے طور پر لیا جانا چاہیے، لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر
صدر چیمبر سردار طاہر محمود کا ضرورت مند مریضوں کی جلد تشخیص اور مدد کے لیے چیمبر کے پنک شیلڈ انیشیٹو کا اعلان
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ حکومت چھاتی کے کینسر کے پھیلائو کے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس مہلک مرض کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے اور علاج معالجے کی ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد تشخیص اور بروقت علاج ہی اس کو شکست دینے کے لیے سب سے موثر ہتھیار ہیں۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ بریسٹ کینسر آگاہی سیشن (پنک ربن) کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر مملکت وجیہہ قمر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اس نیک مقصد میں پیش قدمی کرنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ سماجی بھلائی کے لیے تاجر برادری کو متحرک کرنے کے لیے چیمبر کی مسلسل کوششیں واقعی قابل تعریف ہیں۔
وزیر مملکت نے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود کے چیمبر کی طرف سے آگاہی اور علاج سے متعلق جامع روڈ میپ کو سراہتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ساتھ مل کر، ہم صحت کی اس قومی ہنگامی صورتحال کو بیداری اور بحالی کی کہانی میں بدل سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان اعزاز لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان ایشیا میں چھاتی کے کینسر کے سب سے زیادہ واقعات کی شرح والے ممالک میں سے ایک ہے، جہاں ہر نو میں سے ایک خاتون کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز اس بیماری سے سو سے زیادہ جانیں چلی جاتی ہیں، ہر تعداد کے پیچھے ایک ماں، ایک بہن، ایک بیٹی، اور ایک خاندان ہے جو اس نقصان سے تباہ ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کی صحت کو ایک قومی ترجیح کے طور پر لیا جانا چاہیے نہ کہ موسمی مہم کے طور پر بلکہ سال بھر کے عزم کے طور پر۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ پاکستان میں پتہ لگانے اور علاج کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز دستیاب ہیں لیکن سماجی ممنوعات کو توڑنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطرہ صرف خواتین کو نہیں ہے؛ یہ پوری آبادی کو متاثر کرتا ہے۔ ایک پروڈکٹیو معاشرے اور ایک پروڈکٹیو پاکستان کے لیے، ہمیں اجتماعی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں محترمہ وجیہہ قمر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان اور ڈاکٹر سعیدہ یاسمین کی آگاہی کے فروغ، رہنمائی فراہم کرنے اور علاج کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرنے پر ان کی تعریف کی اور فخر کے ساتھ پنک شیلڈ انیشیٹوز کے تحت آئی سی سی آئی کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، جن میں پارٹنر ہسپتالوں کے تعاون سے سہ ماہی پنک اسکریننگ کیمپ، کارپوریٹ سیکٹر میں آگاہی کے لیے سالانہ پنک بزنس ویک، علاج بارے رہنمائی کے لیے چیمبر کا ہیلپ ڈیسک اور ہاٹ لائن، مستحق مریضوں کے لیے اسکالرشپ اور سپورٹ پروگرام شامل ہیں۔
آئی سی سی آئی کے فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے کہا کہ چیمبر ہمیشہ سے خواتین کو بااختیار بنانے کا چیمپئن رہا ہے، نہ صرف الفاظ کے ذریعے بلکہ بامعنی عمل کے ذریعے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خواتین کاروباریوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں برابر کے شراکت داروں کے طور پر ان کی مدد کرنے کے لیے مسلسل کام کیا ہے۔ پنک ربن مہم جیسے اقدامات کے ذریعے، اسلام آباد چیمبر ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر کھڑا ہے جو دیکھ بھال، ہمدردی اور کمیونٹی کی صحت کو فروغ دیتا ہے۔
ایک نہایت ہی معلوماتی اور متاثر کن پریزنٹیشن کے ذریعے ڈاکٹر سعیدہ یاسمین، جنرل سرجن اور بریسٹ کینسر ٹریٹمنٹ اسپیشلسٹ نے چھاتی کے کینسر کی عام وجوہات، باقاعدگی سے چیک اپس کی اہمیت، اور طرز زندگی میں بہتری لانے بارے روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ رکاوٹوں کو دور کریں، بدنما داغوں کو ہٹایں، اور صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔
تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین کاروباری رہنمائوں، فیملیز، یونیورسٹی کے طلبہ اور میڈیا پر سنز نے شرکت کی۔ اس تقریب میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، سابق صدور محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، میاں شوکت مسعود اور ایگزیکٹو ممبران نے بھی شرکت کی۔
اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار طاہر اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان نے وزیر مملکت وجیہہ قمر کو چیمبر کی شیلڈ پیش کی۔ چیئرمین فاؤنڈر گروپ آئی سی سی آئی طارق صادق، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
