پنجاب کے ثقافتی کھیل کی کویت میں دھوم، تماشائیوں کا جوش و ولولہ عروج پر
کویت( رپورٹ: محمد عمر)
کبڈی، پنجاب کا ایک روایتی اور ثقافتی کھیل ہے، سرحد کے دونوں جانب میلے اور دیگر روایتی تہوار کبڈی کے بغیر نامکمل رہتے ہیں۔ کویت میں انڈین پنجاب اور پاکستانی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی کثیر تعداد بسلسلہ روزگار مقیم ہے۔ ان میں کبڈی کھیلنے والے گھبرو بھی موجود ہیں۔
کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ کاروباری و سماجی شخصیات چوہدری شمشاد چیمہ، چوہدری محمد قیصر، طارق علی محسن، چوہدری مدثر گجر، شہزاد احمد ( صدر پاکستان قرآت و نعت کونسل ) بشیر احمد تارڑ، ریحان ظفر اور جہانگیر علی نے ایک دوستانہ کبڈی میچ کا اہتمام کیا جو کویت کے علاقہ خیطان کے اسٹیڈیم میں جمعہ 17 اکتوبر کو کھیلا گیا۔
یہ میچ پاک کویت کبڈی کلب ( کویت میں مقیم پاکستانی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ) اور بابا فتح سنگھ کبڈی کلب ( کویت میں مقیم انڈین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ) کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ بہت دلچسپ رہا اور دونوں ٹیموں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تاہم پاک کویت کبڈی کلب نے 36 کے مقابلے میں 27 کے اسکور سے میچ جیت لیا۔ تماشائیوں کا جوش و خروش قابل دید تھا، جو اپنی اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دیتے رہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ پاکستان حمزہ توقیر نے جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو وننگ ٹرافی دی اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ منتظمین کی طرف سے مہمان خصوصی حمزہ توقیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اس موقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی اور ثقافتی کھیل ہے، وہ منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو دیار غیر میں اس کھیل کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں۔
پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات جو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اسٹیڈیم میں موجود تھیں، ان میں پیر امجد حسین، شمشاد خان تنولی، ڈاکٹر شجاع الدین، ڈاکٹر جہانزیب عثمان، میاں محمد ارشد، محمد زبیر شرفی، شہزاد الرحمن بٹ اور دیگر شامل تھے۔

