اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی اپ گریڈ شدہ جیو سائنس ایڈوانسڈ ریسرچ لیبارٹریز (جی اے آر ایل) کا افتتاح کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور غیر ملکی شخصیات نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ملک کی معدنی تحقیق کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافے اور پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کی جانب اعلیٰ سطح کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ اس لیبارٹری کا قیام ابتدائی طور پر 1991ء میں عمل میں لایا گیا تھا، اب اسے مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔
ISO/IEC 17025چک شہزاد میں واقع اس جدید ترین لیبارٹری کمپلیکس کو
کی منظوری حاصل ہو گئی ہے جو اس کی جانچ اور کیلیبریشن کی تکنیکی مہارت کو عالمی معیار کے مطابق تسلیم کرتی ہے۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں لیبارٹری اب کان کنی کی کمپنیوں کو JORC اور NI 43-101 رپورٹنگ معیارات کے تحت ذخائر کے تخمینے کے لیے درکار بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تجزیاتی اعداد و شمار فراہم کر سکے گی۔
