37.1 C
Islamabad

عوام کی خدمت اپنا فرض سمجھ کر کرتا ہوں، صدر الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب رضوان احمد

راولپنڈی: صدر الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب رضوان احمد نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت فرض سمجھ کر نہایت ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دیتا ہوں۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان "ری بلڈ غزہ مہم ” سے لے کر یتیم بچوں کی کفالت ، قدرتی آفات سے حفاظت، صحت، تعلیم، پینے کا صاف پانی، اسلامک مائیکرو فنانس اور بنو قابل جیسے عظیم الشان منصوبوں کی تکمیل کے لیے سرگرم عمل ہے،عوام کی خدمت کا یہ فریضہ رہتی زندگی تک قائم و دائم رہے گا۔

صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے رضوان احمد نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سفر کا آغاز 35 برس قبل ایک غیر منافع بخش ادارہ کے طور پر کیا گیا۔ محدود وسائل کے باوجود ہزاروں رضاکاروں کے ہمراہ مستحق اور سفید پوش لوگوں کی زندگیاں بدلنے کا عزم لیے مصروف عمل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان یتیم بچوں کی کفالت، قدرتی آفات سے حفاظت، صحت، تعلیم، پینے کا صاف پانی، اسلامک مائیکرو فنانس اور بنو قابل جیسے عظیم الشان منصوبوں پر عمل درآمد کرکے عوام کی خدمت کرتی ہے۔

رضوان احمد نے بتایا کہ 30 ہزار یتیم بچوں کی مکمل کفالت کا فریضہ انجام دینے پر ہم سب کو فخر ہے۔ والد کی مانند سایہ دار درخت بن کر ان بچوں کی تعلیم و تربیت، رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کو پورا کیا جاتا ہے۔ سال 2024 کی خدمات کا اگر جائزہ لیا جائے تو بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے 86 چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز، 64 تعلیمی ادارے، 1341 سکالرشپ پروگرامز ، 10 ٹریننگ سینٹرز، ایک یوتھ ہاسٹل، 99 سکلز ڈویلپمنٹ سینٹرز متحرک ہیں، جن سے اب تک ہزاروں بچے مستفید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صحت سے جڑے وسائل تک رسائی پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ جس کو مد نظر رکھتے ہوئے 56 ہسپتال، 48 میڈیکل سینٹرز، 136 ڈائیگناسٹک اینڈ کولیکشن سینٹرز، 300 ایمبولینسز، 65 فارمیسیز، 1?351 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے، جن سے 10,428,673 سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس آفات سے بچاؤ کے لیے 41 رسپانس سینٹرز قائم کیے گئے۔ جن میں آفات سے نمٹنے کے لیے 69706 رضاکاروں نے خدمات انجام دیں، 59074 راشن بیگز تقسیم کیے گئے ، 83 تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا، 178754دیگر خدمات انجام دی گئیں ،جن سے 1102?019 لوگ مستفید ہوئے۔

سماجی خدمات میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پیش پیش رہی۔ 2024 میں 310245 قربانی گوشت پیکٹس ,7573 وہیل چیئرز ، 123852 رمضان فوڈ پیکٹس تقسیم کیے گئے۔ 9158 قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے امور انجام دیے، اقلیتوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے دیوالی اور کرسمس پر 6363 تحائف تقسیم کیے گئے ، اس طرح گزشتہ برس 3995451 سماجی خدمات انجام دی گئیں۔

رضوان احمد نے کہا کہ پینے کا صاف پانی پورے ملک کا مسئلہ ہے۔جس کے حل کے لیے ہم نے 277 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے ، 16726 ہینڈ پمپس کی تنصیب کی گئی ، 3025 کنوؤں کی کھدائی کی گئی، 225 گریویٹی فلو واٹر سکیمز کا اجراء کیا گیا، 2932 سب مرسیبل پمپس اور 646 سولر سب مرسیبل پمپس لگائے گئے۔ اس طرح گزشتہ برس پانی کے مختلف منصوبہ جات سے 6913750 افراد مستفید ہوئے۔ الخدمت اسلامک مائیکرو فنانس سکیم سے بھی ہزاروں افراد مستفید ہوئے۔

رضوان احمد نے بتایا کہ غزہ میں دو سال جاری رہنے والی جنگ کے دوران 22 لاکھ سے زائد فلسطینی عوام کی رہائش گاہوں ،ہسپتالوں،تعلیمی اداروں ،مساجدو دیگر وسائل کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا گیا۔ صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے 15 ارب روپے مالیت سے ” ری بلڈ غزہ” مہم کا آغاز کیا۔ جس کا مقصد رہائش ، ہسپتال، سکول، مساجد ، صاف پانی کے منصوبوں کی تعمیر نو کے ساتھ یتیم بچوں کی کفالت کرنا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں ہم عوام کی خدمت اپنا فرض سمجھ کر کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی اپنے عمل سے اس کی تلقین کرتے ہیں۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین