راولپنڈی: معروف معالج، ممتاز ماہرِ تعلیم اور بین الاقوامی سطح پر پہچانے جانے والے طبی ماہر پروفیسر محمد شعیب شفیع کو ایک اور بڑا اعزاز حاصل ہو گیا۔ گورنر پنجاب اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز سردار سلیم حیدر خان نے انہیں کیڈٹ کالج حسن ابدال کے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کر دیا ہے۔پروفیسر شعیب شفیع طویل عرصے سے طب کے میدان میں اپنی گراں قدر خدمات اور شاندار کارکردگی کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ وہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے سینئر نائب صدر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے بھی فعال رکن ہیں۔پروفیسر شعیب شفیع 2007 سے سی پی ایس پی کی کونسل کے رکن ہیں اور وہ اس ادارے میں صدر، نائب صدر اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ریلیشنز جیسے اہم عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
ان کی طبی خدمات کے اعتراف میں انہیں مختلف ممالک کی جانب سے بین الاقوامی اعزازات، ایوارڈز اور فیلوشپس سے نوازا جا چکا ہے۔ وہ متعدد عالمی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔
اس موقع پر سابق صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے پروفیسر محمد شعیب شفیع کو اس اعزاز پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر شعیب شفیع کا شمار پاکستان کی ان نادر شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے طب کو محض پیشہ نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت کا مشن بنایا۔ ان کی نامزدگی اس بات کا اعتراف ہے کہ دیانت، محنت اور علم دوستی ہمیشہ اپنا مقام بناتی ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ پروفیسر شعیب شفیع اپنی دانشمندانہ رہنمائی اور وسیع تجربے سے کیڈٹ کالج حسن ابدال کے تعلیمی و تربیتی معیار میں مزید نکھار لائیں گے۔ انہوں نے پروفیسر شعیب شفیع کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسی شخصیات ہی ملک و قوم کا اصل سرمایہ ہیں جو اپنے عمل اور علم سے نئی نسل کو راہ دکھاتی ہیں۔
طبی برادری، ماہرینِ تعلیم اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی پروفیسر شعیب شفیع کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف دانشمندانہ ہے بلکہ مستقبل کے لیے ایک مثبت اور روشن قدم بھی ہے۔
