پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے کاروباری امکانات پر تفصیلی بات چیت، کی۔ وقار بختاوری نے پاکستانی چاول، ہمالیہ نمک، آم، ترش پھل اور ٹیکسٹائل مصنوعات کے حوالے سے بریفنگ دی
باکو: آذربائیجان کے سب سے بڑے ریٹیل بزنس گروپ براوو کی انتظامیہ سے آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے باکو میں ملاقات کی اور کمپنی کے مرکزی اسٹور کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت چیمبر کے صدر وقار بختاوری نے کی۔ جنہوں نے ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے کاروباری امکانات پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستانی چاول، ہمالیہ نمک، آم، ترش پھل اور ٹیکسٹائل مصنوعات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
براوو کے ڈائریکٹرز زور دریاو، گارا خان شیرینلی اورواجیسی بین نے پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر براوو کو پاکستان سے کسی بھی قسم کی مصنوعات درآمد کرنے یا کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پیش آئے تو وہ آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے ذریعے براہِ راست رابطہ کرے گا۔اسی طرح، اگر چیمبر کو آذربائیجان کی مارکیٹ سے متعلق کوئی معلومات یا تعاون درکار ہوگا تو وہ براوو سے رابطے میں رہے گا تاکہ دوطرفہ کاروباری روابط کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
ملاقات کے دوران وقار بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے بڑے کاروباری ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کریں تاکہ باہمی تجارت میں اضافہ ہو۔ پاکستانی مصنوعات اپنے معیار کے لحاظ سے عالمی مارکیٹ میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور آذربائیجان میں ان کی بڑی مانگ موجود ہے۔
براوو گروپ کے نمائندوں نے پاکستانی مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کے خواہشمند ہیں اور مختلف مصنوعات، خصوصاً زرعی اجناس، نمک اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کے امکانات دیکھ رہے ہیں۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے معروف ریٹیل گروپ ڈی واٹسن اور براوو کے درمیان براہِ راست کاروباری روابط قائم کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان درآمد، برآمد اور تجارت کے فروغ میں عملی پیشرفت ممکن ہو سکے۔
آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد میں چیئرمین چیمبر ظفر بختاوری، عابد بختاوری، حارث بختاوری، یوسف راجپوت، اسد عزیز، ملک شبیر اعوان، اویس ستی، ناصر علی راکی، محسن خالدملک، روحیل انوربٹ، عمر خیام عباسی، شمائلہ صدیقی، ملک عبدالعزیز، فاطمہ حسن اور دیگر بھی شامل تھے۔
