کانفرنس میں شرکت کا مقصد پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانا ہے
اسلام آباد: صدر سیاحت برائے بین المذاہب امن و ترقی و صدر لیک شور کلب سید سادات حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاک امریکہ بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو میں بھرپور شرکت کریں گے جو یکم نومبر کو ورجینیا میں منعقد ہوگی،ایکسپو میں ہماری شرکت کا مقصد وہاں سے پاکستان میں سرمایہ کاری لانا ہے۔ پاک امریکا بزنس کانفرنس نہ صرف تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینے کا باعث بنے گی بلکہ اس سے پاکستان کی ایکسپورٹ انڈسٹری،سیاحت، رئیل اسٹیٹ،ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور سرمایہ کاری کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔
سادات شاہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے، اور اس طرح کے پلیٹ فارمز دوطرفہ معاشی تعلقات کو مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ امریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے اور ٹریڈ بیلنس کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ہم پرامید ہیں اس کانفرنس کے نتیجے میں پاک امریکا تجارتی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوں گے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست رابطوں میں اضافہ ہوگا۔
