35.5 C
Islamabad

اسلام آباد چیمبر اور ازبک سفارتخانہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے مزید فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے, ازبک سفیر پاکستان کے ساتھ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہشمند

آئی سی سی آئی ازبکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پرعزم ہے: سردار طاہر محمود

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد میں ازبکستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے بارے تبادلہ خیالات کیا۔

آئی سی سی آئی کے وفد کی آمد پر ازبکستان کے سفیر عزت مآب علیشیر تختائیف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ زراعت، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان اور آلات جراحی سمیت متعدد شعبوں میں تجارت بڑھانے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

سفیر نے نوٹ کیا کہ موجودہ دو طرفہ تجارتی حجم 400-500 ملین امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے جو کہ حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے آیندہ سالوں میں اس کو کم از کم 2 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان وسطی ایشیائی جمہوریہ میں پاکستانی اشیا کے اہم درآمد کنندگان میں سے ایک ہے، جبکہ پاکستان ازبکستان سے مختلف قسم کی مصنوعات جیسے کاٹن یارن اور پھل درآمد کرتا ہے۔

سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ریل اور ہوائی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ازبکستان ایئر ویز تاشقند – اسلام آباد – تاشقند روٹ پر اپنی ہفتہ وار پروازیں ایک سے دو کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید پروازوں کے اضافے سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ کاروباری روابط، تجارتی مواقع اور عوام کے درمیان رابطوں کو بھی تقویت ملے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری بالخصوص زراعت، مینوفیکچرنگ اور سیاحت کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کی ازبکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور ICCI اور تاشقند چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان B2B مصروفیات اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

سردار طاہر محمود نے مزید کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری علاقائی روابط، اقتصادی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کے نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے سفیر کو آئی سی سی آئی کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے عزت مآب نے قبول کر لیا، اور یقین دلایا کہ وہ تجارت کے فروغ اور کاروباری تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کے لیے جلد ہی دورہ کریں گے۔

اس موقع پر ٹریڈ قونصلر علی شیر ڈویژنوف آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے بھی بات چیت میں بھرپور حصہ لیا۔

مزیداسی طرح کی
Related

آئی۔ایم ایف سے پاکستان کو 1 ارب 30 کروڑ ڈالرز موصول

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا...

آئیکسو چیف ایگزیکٹو کا اٹک سرکل میں بجلی چوروں کےخلاف گرینڈ آپریشن

اسلام آباد(محمد اسحاق عباسی سے) آئیسکو چیف ایگزیکٹو چوہدری...

تازہ ترین