راولپنڈی:راولپنڈی کینٹ کے تاجروں کی دو اہم تنظیموںکا الحاق ایک تقریب میں ہوا جس میں میثاق تحفظ حقوق تاجران راولپنڈی کینٹ کے نام سے ایک مشترکہ معاہدہ کا اعلان بھی کیا گیا ۔ اس تاریخی موقع پر دونوں تنظیموں کے سات سات ارکان پر مبنی ایک چودہ رکنی ایکشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے سربراہ مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ (رجسٹرڈ)راولپنڈی کے صدر زاہد بختاوری ہو نگے ، اس موقع پرایک بھرپور پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ (رجسٹرڈ)کے صدرزاہد بختاوری، تنظیم کے دیگر عہدیداران اور مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے صدرمشتاق خان اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زاہد بختاوری نے کہا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد راولپنڈی کینٹ کے تاجر برادری کو کینٹ بورڈ کی ظالمانہ اور غیر منصفانہ اقدامات سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاجر برادری گزشتہ کئی دہائیوں سے سرکاری قوانین کی چکی میں پسی جا رہی ہے اور انہیں کئی طرح کے مشکلات اور ناانصافیوں کا سامنا ہے۔ تاجروں کے مابین معاہدے کے تحت ایک ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ تاجر برادری کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے موثر جدوجہد کی جا سکے۔
زاہد بختاوری نے زور دے کر کہا کہ تاجر برادری ایک پرامن طبقہ ہے لیکن اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی تحریک سے گریز نہیں کرے گی’ہم آہنی ہاتھوں سے نہیں آہنی ارادوں سے اپنے حقوق حاصل کریں گے ،انہوں نے واضح کیا کہ ہڑتال، شٹر ڈان اور دیگر احتجاجی اقدامات ان کے آئینی حقوق ہیں ،اپنی آواز بلند کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری تنظیم تاجر برادری کے حقوق، مفادات اور مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔اس موقع پر تنظیم کے دیگر عہدیداران اور مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے صدر اور رہنمائوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ،صدر مشتاق خان نے خطاب کرتے ہوئے اور اس اتحاد کو تاجر برادری کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس معاہدے کو راولپنڈی کی تاجر برادری کے مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ،واضح رہے کہ اس معاہدے سے قبل، تاجر برادری متعدد بار اپنے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے مگر حکومتی اور ادارہ جاتی سطح پر ان کے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید پیچیدہ ہوتے گئے ۔ معاہدے کے بعد امید کی جارہی ہے کہ راولپنڈی کینٹ کے تاجر اب اپنی جدوجہد کو منظم اور موثر انداز میں آگے بڑھائیں گے اور اپنے حقوق کے لیے ایک مضبوط آواز بنیں گے۔
