ریاض: خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نے متحدہ سیاحتی ویزے کے اجرا کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ اردو نیوز کے مطابق نئے متحدہ سیاحتی ویزے کو’’جی سی سی گرینڈ ٹوور ویزا‘‘ کا نام دیا گیا ہے،یہ ویزا سیاحوں کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور سلطنت اومان کے درمیان ایک ہی ویزے پر آزادانہ سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔متحدہ عرب امارات کی وزارتِ معیشت و سیاحت نے کہا ہے کہ اس ویزے کے لئے مشترکہ الیکٹرانک درخواست کے ذریعے اپلائی کیا جا سکے گا جو ایک یا ایک سے زیادہ ممالک میں داخلے کی اجازت دے گی۔
ویزا کا پائلٹ منصوبہ 2025 کی آخری سہ ماہی میں شروع ہونے کا امکان ہے جو رکن ممالک کے درمیان وسیع سکیورٹی اور سیاحتی تعاون کا حصہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد تیل سے ہٹ کر اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانا، سیاحتی اخراجات میں اضافہ اور سیاح کے قیام کے اوسط دورانیے کو بڑھانا ہے جس کے لئے خلیجی ممالک کی نمایاں منزلوں جیسے اومان کے ساحل، سعودی عرب کی مارکیٹیں، دبئی کا سکائی لائن، قطر کے میوزیمز، کویت کا کورنیچ اور بحرین کے ساحل وغیرہ کو ایک مربوط سیاحتی نقشے پر جوڑا جائے گا۔
