سرگودہا: سرگودہا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی سالانہ جنرل میٹنگ برائے 25۔2024 مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں خواتین کاروباری شخصیات، چیمبر کی عہدیداران اور مختلف اداروں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں ادارے کی گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ آئندہ سال کے لئے اہداف اور منصوبہ بندی پرغورکیا گیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا شیرین گل تھیں جبکہ میٹنگ میں نمائندہ سمال انڈسٹریز حسن یوسف نے شرکت کی اور ویمن چیمبر کی خواتین کو کاروباری میدان میں آگے بڑھنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا نے ویمن چیمبر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ خواتین انٹرپرینیورز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید مستحکم بنا سکیں۔
بانی صدر سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس شمیم آفتاب نے خواتین کے درمیان باہمی تعاون اور جدید کاروباری رجحانات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مالی شمولیت اورتربیتی پروگراموں سے خواتین کو مضبوط معاشی کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔تقریب کے اختتام پر سابق عہدیداران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور نئے سال کے لئے خواتین کی معاشی خود مختاری، پیشہ ورانہ تربیت اور کاروباری ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
