
اسلام آباد :کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے سسٹمز لمیٹڈ کی جانب سے برٹش امریکن ٹوبیکو انٹرنیشنل ہولڈنگز (یوکے) لمیٹڈ سے ایس اے اے سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ٹرانزیکشن دونوں کمپنیوں کے مابین شیئر پرچیز ایگریمنٹ کے تحت تکمیل پائے گی۔ سسٹمز لمیٹڈ پاکستان میں رجسٹرڈ ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور کلائوڈ سروسز کے شعبے سے منسلک ہے ۔ ایس اے اے سروسز برٹش امریکن ٹوبیکو گروپ کی ذیلی کمپنی ہے اور اپنے ہی گروپ کی کمپنیوں کو ہیومن ریسورس، فنانس، پروکیورمنٹ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے سیکٹر میں خدمات فراہم کرتی ہے۔
یہ کمپنی پاکستان یا بین الاقوامی سطح پر کسی بیرونی صارف کو خدمات فراہم نہیں کرتی۔کمپٹیشن کمیشن نے ٹرانزیکشن کے جائزے کے بعد فیصلہ دیا ہےکہ اگرچہ دونوں کمپنیاں آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کے شعبے میں کام کرتی ہیں، لیکن ان کے صارفین کی بنیاد مختلف ہے، اس لیے یہ معاہدہ مارکیٹ پاور کے انضمام یا مسابقت میں کمی کا باعث نہیں بنے گا۔
علاوہ ازیں اس ٹرانزیکشن کے نتیجے میں پاکستان میں قائم کمپنی سسٹمز لمیٹڈ عالمی تجربات اور بہترین طریقہ کار سے فائدہ اٹھا کر اپنی خدمات کو مزید بہتر بنا سکے گی۔ یہ اقدام روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور معیشت کی ڈیجیٹل تبدیلی جیسے قومی اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔
