راولپنڈی:پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان کی زیر صدارت ڈی سی آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اس دوران ڈینگی کی موجودہ صورتحال، جاری انسداد ڈینگی اقدامات اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شازیہ رضوان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈز، ادویات اور طبی عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ بتایا کہ تمام سرکاری و نجی اداروں میں ڈینگی سرویلنس ٹیمیں سرگرم ہیں۔
قبرستانوں، نرسریوں، تعلیمی اداروں، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں باقاعدہ اسپرے اور لاروے کی تلفی کے اقدامات جاری ہیں۔شازیہ رضوان نے عوامی آگاہی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ شہری گھروں اور گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔غفلت برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
