فیصل آباد:محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سرخ مرچ کی بہتر پیداوار کے لئے منظور شدہ اقسام گولا پشاوری اور ٹاٹا پوری کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد نے بتایا ہے کہ پنجاب کے وسطی علاقوں میں مرچ کی نرسری کا بہترین وقت کاشت اکتوبر کے آخر سے نومبر کا پہلا ہفتہ اور پنجاب کے جنوبی و مغربی علاقوں میں سبز مرچ کے لئے بہترین وقت کاشت اکتوبر ہے۔انہوں نے کہا کہ سرخ مرچ کی کاشت کے لئے بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع بہترین جبکہ سبز مرچ کے لئے چنیوٹ، گوجرانوالہ، قصور اور شیخوپورہ موزوں علاقے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کے حصول کے لئے رکھے جانے والے پودوں کو شروع سے نشان لگائیں اور جوپودے آخر تک صحتمند رہیں اور پیداواری لحاظ سے بھی دوسرے پودوں سے بہتر ہوں ان کو آئندہ فصل کے بیج کے لئے استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بیج کے لئے پھل کو اچھی طرح سرخ ہونے کے بعد توڑیں اور پھل کو خشک کرنے کے بعد مناسب جگہ پرسٹور کریں۔انہوں نے کہاکہ ایک سے سوا مرلہ نرسری ایک ایکڑ کے لئے کافی ہوتی ہے تاہم پنیری اگانے والی جگہ عام کھیت سے اونچی ہونی چاہیے تاکہ بارش کا فالتو پانی آسانی سے نکالا جا سکے۔
