دبئی :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کے زیر اہتمام خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا تیرہواں ایڈیشن 30ستمبر سے میزبان ممالک سری لنکا اوربھارت میں شروع ہوگا۔ 50 اوورز کے میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں جس کے باضابطہ آغاز میں ایک دن باقی رہ گیا ہے ۔ بھارت کو یہ 1978، 1997 اور 2013 کے ایڈیشن کے بعد خواتین کے عالمی کپ کی میزبانی کرنے کا چوتھا موقع ملا ہے جبکہ سری لنکا پہلی بار میگا ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 8 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوں گی جن میں میزبان سری لنکااور بھارت،نیوزی لینڈ ،دفاعی چیمپئن آسٹریلیا،بنگلہ دیش، انگلینڈ،پاکستان اورجنوبی افریقا شامل ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے ایکشن میں ہوگی۔آسٹریلیا کی ویمنزٹیم نے 2022 میں اپنا ساتواں ٹائٹل جیتا تھا۔
میگا ایونٹ کا ایک سیمی فائنل میچ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل اور فائنل کے مقامات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔30 ستمبر کو میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ میزبان ممالک بھارت اور سری لنکن ٹیموں کے درمیان بارساپارہ کرکٹ سٹیڈیم، گوہاٹی میں کھیلا جائے ۔میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 29 اکتوبر،دوسرا سیمی فائنل میچ 30 اکتوبرکو کھیلا جائے گاجبکہ میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ 2نومبر کو ہوگا۔
