ڈھاکہ :بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق بائیں ہاتھ کے سپنر عبدالرزاق نے آئندہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 43 سالہ عبدالرزاق نے 6 اکتوبر کو کھلنا ڈویژن سے ڈائریکٹر امیدوار کے طور پر کھڑے ہونے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے 2021 سے بنگلہ دیش مینز ٹیم کے سلیکٹر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں، اور یہ ملک کی کرکٹ انتظامیہ میں ایک نئی اننگز کا آغاز ہے۔
عبدالرزاق 23 ڈائریکٹرز کے عہدوں کے لیے 61 امیدواروں میں شامل ہیں۔ کونسلروں پر مشتمل جنرل ممبرز کی باڈی 25 میں سے 23 بورڈ ڈائریکٹرز کا انتخاب کرے گی، اور انہی ڈائریکٹرز میں سے بی سی بی کا صدر 4 سال کی مدت کے لیے منتخب ہوگا۔موجودہ بی سی بی صدر امین الاسلام اور سابق کپتان تمیم اقبال نے بھی بورڈ کے صدر کے لیے الیکشن لڑنے کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے۔عبدالرزاق نے اپنے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئےکہا کہ مجھے قومی ٹیم کے لیے 14 سال تک کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا اور 4 سال سے زیادہ عرصے تک قومی سلیکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے کا شرف حاصل رہا۔
