اقوام متحدہ :اقوامِ متحدہ میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے ملک کو "ٹیررستان” کہنے کو انتہائی شرمناک اور چھوٹا پن قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی۔اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مشن کےسیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے جنرل اسمبلی میں اپنے حقِ جواب کا استعمال کرتے ہوئے بھارتی ہم منصب رینٹالا سری نواس کے اس بیان کو انتہائی شرمناک” اور "بچگانہ”قرار دیا ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ بھارت ایک ملک کا نام بگاڑنے کے لیے اس قدر پست ہو گیا، جو کہ اقوام متحدہ کا ایک رکن ہے۔
ایک خودمختار ریاست کے نام کا مذاق اڑانا نہ صرف غیر مہذب ہے بلکہ یہ ایک پوری قوم کی توہین اور بدنام کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی مقامی سیاسی اجتماع نہیں ہے، اس طرح کی بیان بازی میں ملوث ہو کر بھارت اپنی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے اور دنیا کو دکھا رہا ہے کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس دلیل موجود نہیں ہے، صرف سستی باتیں ہیں جو سنجیدہ گفتگو کے قابل نہیں ہیں۔
محمد راشد نے اس الزام کو حقائق سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردی کا تسلسل سے مرتکب ہے بلکہ ایک علاقائی بدمعاش بھی ہے جو جنوبی ایشیا کو اپنے اجارہ دارانہ عزائم اور انتہا پسندانہ نظریات کا یرغمال بنائے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90ہزار سے زائد جانیں قربان کی ہیں، جنہیں عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خود غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقوں پر قابض ہے اور جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔
آخر میں، محمد راشد نے پاکستان کے امن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے 1.9 بلین لوگ خوشحالی اور استحکام کے مستحق ہیں لیکن یہ اہداف دھمکیوں اور دھونس سے حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی ترقی کے لیے خلوص، باہمی احترام، مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت ہے، جن اصولوں کو پاکستان نے ہمیشہ برقرار رکھا ہے
