بیجنگ ، ماسکو ۔28ستمبر (اے پی پی):روس کے وزیر برائے اقتصادی ترقی، میکسیم ریشتنیکوف نے کہا ہے کہ چین کے شہریوں کے لیے ویزا فری نظام کا نفاذ روس اور چین کے درمیان تمام اقتصادی تعلقات پر مثبت اثر ڈالے گا۔شنہوا کے مطابق چینی وزیر ثقافت و سیاحت، سن ییلی سے ملاقات کے دوران ریشتنیکوف نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے فیصلے کے تحت چینی سیاحوں کے لیے متقابل ویزا فری نظام پر کام کیا جا رہا ہے۔
یہ ایک ذمہ دارانہ قدم ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ دونوں ممالک کے انسانی اور اقتصادی روابط کے پورے سلسلے پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گا۔وزیر نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان تعاون کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، کیونکہ دو طرفہ اور کثیرالجہتی سطحوں پر تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔
2025 کے پہلے چھ مہینوں میں سیاحوں کی تعداد 14 لاکھ رہی، جو 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 20 فیصد اضافہ ہے۔ روسی رہنمانے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں وزارتوں کی فوری کارروائیوں کی بدولت ممکن ہو سکیں، جنہوں نے ویزا فری گروپ ٹریول کا نفاذ اور چینی سیاحوں کے لیے ای ویزا متعارف کرایا۔ مزید بہتر سہولیات کے لیے، اس سال جولائی میں ای ویزا کی مدت کو 30 دن کر دیا گیا، جبکہ ویزا کی مجموعی مدت 120 دن ہے۔
