اسلام آباد :وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی نہ صرف ایک جمہوری حق بلکہ شفافیت، جوابدہی، اور عوامی اختیار کے لیے ایک طاقتور ذریعہ بھی ہے،ہمیں معلومات تک عالمی رسائی کی حفاظت اور اس کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ہر شہری کے اس بنیادی حق کی غیر متزلزل توثیق کرتی ہے کہ وہ معلومات کی تلاش، وصول اور ترسیل کرے۔
معلومات تک رسائی نہ صرف ایک جمہوری حق ہے بلکہ شفافیت، جوابدہی اور عوامی خودمختاری کے لیے ایک طاقتور ذریعہ بھی ہے۔آج کی آپس میں جڑی ہوئی دنیا میں معلومات کا آزادانہ بہاؤ نہ صرف اچھی حکمرانی کو مضبوط کرتا ہے بلکہ سماجی شمولیت کو فروغ دیتا ہے اور ریاست اور اس کے لوگوں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باخبر معاشروں کے ذریعے ہی قومیں امن، انصاف، اور پائیدار ترقی کی جانب بڑھ سکتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوامی ریکارڈ کو محفوظ کرنے اور اس کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول حکومتی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، اور ٹیکنالوجی کے پلیٹ فارمز سے اپیل کی کہ ایک زیادہ کھلا، شفاف، اور علم پر مبنی معاشرہ بنانے کے لیے ملکر کام کریں۔ ایسا کرکے، ہم اپنے لوگوں کو بااختیار بنا سکتے ہیں، اپنی جمہوریت کو مضبوط کر سکتے ہیں، اور پاکستان کے ترقی اور خوشحالی کی طرف سفر کو تیز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن کی مناسبت سے اس عزم کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم سب کے فائدے کے لیے معلومات تک عالمی رسائی کی حفاظت اور اس کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔
