اسلام آباد:ریلوے کے ملک بھر کے آٹھ ڈویژنز میں سولرائزیشن اور نیوٹریشن کے اقدامات کے نتیجے میں 87 کروڑ 46 لاکھ 60 ہزار روپے کی بچت ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ اعداد و شمار وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں پیش کیے گئے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران میٹرائزیشن اور سولرائزیشن جیسے جدید اقدامات کے باعث ریلوے کو بجلی کی مد میں اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی جبکہ بجلی چوری کی مؤثر روک تھام سے بھی ادارے کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔
وزیر ریلوے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور جو بھی چوری کرے گا وہ سیدھا جیل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید اقدامات سے ریلوے کے اخراجات میں کمی اور شفافیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ادارے میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔

