وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فکس ٹیکس اسکیم تاجروں اور انجم تاجران کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے، جس کا اطلاق 20 کروڑ روپے یا اس سے کم سالانہ ٹرن اوور والے دکانداروں پر ہوگا۔جمعے کو اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے اس نئی اسکیم کی تفصیلات بتائیں۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ حکومت چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم لارہی ہے، فکس ٹیکس اسکیم تاجروں اور انجم تاجران کی مشاورت سے تیار کی گئی، اس آسان اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا، جن کا سالانہ ٹرن اوور 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہوگا، ایک فیصد اس میں فکس ٹیکس ہوگا، 4 زبانوں میں ایک صفحہ کا سادہ فارم موجود ہے، یہ سادہ الفاظ میں اسکیم ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ فارم جمع کرانے سے پہلے اگر کوئی ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتی ہوئی ہے تووہ بھی اس میں ایڈجسٹ ہوگا مگر ایک شرط ہے کہ گوشوارہ جمع کراتے وقت دکاندار کو کم ازکم 25 ہزار روپے نقد جمع کرانا ہوگا، اسکیم میں جو بھی دکاندار آئے گا، یہ ایک اختیاری سکیم ہے یعنی فارم جمع کراکر سکیم سے فائدہ اٹھاسکتا ہے، اگر نارمل آپشن میں رہنا چاہتے ہیں تو بھی رہ سکتے ہیں، ایف بی آر کی طرف سے ایک پلیٹ ملے گی جس پر اس دکاندار کی تفصیلات درج ہوں گی اور ساتھ ہی کیوآر کوڈ ہوگا، اس اسکیم میں نان فائلر اور فائلر دکاندار بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
