امریکی نشریاتی ادارہ (سی این این) نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اپنا دفاعی نظام آئرن ڈوم اور فوجی اہلکاروں خفیہ طور پر متحدہ عرب امارات میں تعینات کردیے ہیں۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق معاملے سے واقف ایک اسرائیلی ذریعے نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اسرائیل نے خفیہ طور پر فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم اور درجنوں فوجیوں کو متحدہ عرب امارات میں تعینات کیا اور یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان غیر معمولی فوجی تعاون کی ایک نئی سطح کا عکاس ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی ذریعے نے ایکسیوس کی اس رپورٹ کی بھی تصدیق کی کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کے بعد اسرائیلی فوج کو ہدایت دی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں آئرن ڈوم بیٹری اور انٹرسیپٹرعملہ بھیج دیں۔مزید بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق ایران نے خطے میں کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات کو زیادہ نشانہ بنایا یہاں تک کہ اسرائیل سے بھی زیادہ امارات کو نشانہ بنایا جہاں 550 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور 2,200 سے زائد ڈرون حملے کیے گئے
