اسلام آباد(وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کے لئے دائر درخواستوں سے ایک درخواست نمٹا دی جبکہ دوسری پر سماعت ملتوی کر دی ۔ کیس کی سماعت جسٹس محمد اعظم خان نے کی۔ دوران سماعت یوٹیوبر رجب بٹ کے کیس میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔ دوسری جانب ٹک ٹاکر ندیم نانی والا، جن کا اصل نام ندیم مبارک ہے، کے کیس میں عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ سماعت کے دوران ڈائریکٹر لیگل این سی سی آئی اے سرفراز کھٹانہ کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق ندیم مبارک کا نام نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی کی سفارش پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جبکہ وہ این سی سی آئی اے لاہور میں درج ایک انکوائری میں بھی نامزد ہیں ۔ مزید بتایا گیا کہ پاسپورٹ رولز 2021 کے تحت ان کا نام پی سی ایل میں ڈالا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کی سفارش پر ندیم مبارک کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا جائے گا، جس کے بعد عدالت نے ان کی درخواست نمٹا دی۔
