ریاض:
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وہاں مقیم 28 لاکھ سے زائد پاکستانیوں سے ویڈیو پیغام میں اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں مکمل پرسکون رہیں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ سفیر نے ہم وطنوں کو ہدایت کی کہ وہ مقامی قوانین کا احترام کریں، غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں سے مکمل اجتناب کریں اور سوشل میڈیا پر ان کی ترویج سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورتحال میں ہدایات کے لیے صرف سعودی حکومت کے مستند ذرائع پر انحصار کیا جائے۔ سفیر فاروق کا کہنا تھا کہ سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ جناح اپنے شہریوں کے تحفظ، آسانی اور خیروعافیت کو اولین ترجیح سمجھتے ہیں اور اس سلسلے میں ہمہ وقت متحرک ہیں۔سفیر نے پروازوں کی منسوخی یا تبدیلی کی وجہ سے پاکستانیوں کو پیش آنے والی مشکلات کا بخوبی احساس دلاتے ہوئے بتایا کہ سفارت خانے نے سعودی عرب کے تمام ہوائی اڈوں پر اپنی ٹیمیں تعینات کر رکھی ہیں۔ یہ ٹیمیں متاثرہ شہریوں کو رہائش، خوراک، ادویات اور پروازوں کی دوبارہ بکنگ میں فوری مدد فراہم کر رہی ہیں۔مزید برآں، سعودی عرب کے ہمسایہ ممالک سے ملحقہ بارڈرز پر بھی سفارتی ٹیمیں تعینات ہیں تاکہ وہاں سے آنے والے ہم وطنوں کو قریبی شہروں تک رسائی اور پاکستان واپسی کے عمل میں مدد دی جا سکے۔ سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سفارتی عملہ اور ہنگامی رابطہ نمبرز 24 گھنٹے عوام کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
