پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کے ابتدائی منٹوں میں خریداری کے رجحان کے بعد ایک بار پھر فروخت کا شدید دباؤ لوٹ آیا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار100 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔دوپہر 12 بجکر 25 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 3,187.39 پوائنٹس یا 1.84 فیصد کی کمی سے 169,982.32 پوائنٹس پر آگیا۔اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنری سیکٹر شامل ہیں۔ انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے حصص جن میں اے آر ایل، حبکو، او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور نیشنل بینک بھی مثبت زون میں دکھائی دیے۔گزشتہ ہفتے امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شدید منفی ردعمل کو جنم دیا، اس صورتحال کی وجہ سے پاکستان کے اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں بھی نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 6,434.02 پوائنٹس یا 3.6 فیصد کی کمی سے 173,169.70 پوائنٹس پر بند ہوا
