38.8 C
Islamabad

ایس ای سی پی نے نان لسٹڈ کمپنیوں کی ڈیجیٹلائزیشن شروع کردی

اسلام آباد، 19 فروری:

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز کی ملکیت ظاہر کرنے والے فزیکل شیئر سرٹیفکیٹس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ کمپنیوں کے دستاویزی شیئر سرٹیفکیٹس کو سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے زیرِ انتظام سینٹرل ڈیپازٹری سسٹم کے ذریعے الیکٹرانک (بک انٹری) شکل میں منتقل کیا جائے گا۔یہ اقدام پاکستان کے کارپوریٹ فریم ورک کو جدید بنانے، شفافیت بڑھانے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط کرنے اور کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔کمپنیوں کے شیئرز کو بک انٹری فارم میں منتقل کرنے سے فزیکل شیئر سرٹیفکیٹس سے وابستہ خطرات کم ہو جائیں گے۔ اس وقت نان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز کی ملکیت سے متعلق تنازعات کی بڑی تعداد عدالتوں میں زیرِ التوا ہے۔ شیئرز کو الیکٹرانک شکل میں منتقل کرنے سے ملکیت کا ریکارڈ محفوظ، شفاف اور ناقابلِ رد و بدل ہو جائے گا، جس سے جعلی منتقلی اور اس سے متعلق قانونی تنازعات میں نمایاں کمی آئے گی۔

الیکٹرانک شیئرز دستاویزی سرٹیفکیٹس کے ضائع ہونے، چوری، جعل سازی یا نقصان کے خدشات کو کم کریں گے اور کمپنیوں کے انتظامی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ ڈیجیٹل ملکیت کے ذریعے شیئرز کی منتقلی تیز اور محفوظ ہوگی، سیٹلمنٹ کا عمل جلد مکمل ہوگا اور شیئر ہولڈنگ کا درست ریکارڈ حقیقی وقت میں دستیاب رہے گا۔ بک انٹری شیئرز کو بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے لیے بطور ضمانت بھی استعمال کیا جا سکے گا۔فزیکل شیئرز رکھنے والی نان لسٹڈ کمپنیوں کے لیے شیئرز کو الیکٹرانک فارم میں تبدیل کرنا کسی بھی شیئر ٹرانزیکشن سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ ایسی کمپنیوں کو شیئرز کی کسی بھی ٹرانزیکشن سے کم از کم 30 دن قبل اپنے شیئرز کو بک انٹری فارم میں تبدیل کرنا لازمی ہوگا۔ بک انٹری فارم میں تبدیلی کے بعد، تمام شیئر ٹرانسفرز، الاٹمنٹس اور دیگر شیئر ٹرانزیکشنز صرف سی ڈی ایس کے ذریعے انجام دی جائیں گی۔ آئندہ تمام شیئر ہولڈرز کے لیے اپنے شیئرز الیکٹرانک فارم میں رکھنا لازمی ہوگا۔ایس ای سی پی پہلے ہی نئی رجسٹر ہونے والی تمام نان لسٹڈ کمپنیوں کے لیے شیئرز کا اجرا صرف الیکٹرانک فارم میں لازمی قرار دے چکا ہے، جبکہ فزیکل شیئر سرٹیفکیٹس نئی کمپنیوں کے لیے اب قابل قبول نہیں ہیں۔ کمپنی کے قیام کے وقت سبسکرائبرز کے لیے اپنے شیئرز سی ڈی ایس میں رکھنا ضروری ہوگا۔پہلے سے رجسٹرڈ نان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز کو بک انٹری فارم میں تبدیل کرنے کے لیے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا، جس کے تحت شیئرز کی منتقلی، الاٹمنٹ، رائٹس ایشو، بونس ایشو، بائی بیک یا شیئر ہولڈنگ میں کسی بھی تبدیلی سے قبل فزیکل شیئرز کو الیکٹرانک شکل میں تبدیل کرنا لازم ہوگا۔ اس مرحلہ وار طریقہ کار سے پرانی کمپنیاں اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے بتدریج مکمل ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقل ہو سکیں گی۔اس سلسلے میں ایس ای سی پی نے سی ڈی ایس میں شمولیت کے لیے جامع طریقہ کار بھی منظور کیا ہے، جس میں اہلیت کے معیار، دستاویزی تقاضے، تصدیقی طریقہ کار اور قابل اطلاق فیسوں کا تعین شامل ہے تاکہ تبدیلی کا عمل محفوظ، منظم اور مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین