39.4 C
Islamabad

اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سالانہ انتخابات واجد گیلانی دوبارہ صدر منتخب

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں احسن بھون گروپ کے امیدوار سید واجد علی گیلانی کو9 ووٹوں کی برتری سے دوبارہ صدر منتخب کرلیاگیا۔گذشتہ روز صبح شروع ہونے والی پولنگ شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہی،جس کے دوران کھانے اور نماز کا وقفہ کیاگیا، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نئی بلڈنگ میں یہ پہلا الیکشن ہونے کی وجہ سے عمارت کو غباروں اور پھولوں سے سجایاگیا جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی،پولنگ کے دوران2633 ممبران میں سے 1605 ووٹر وکلاء نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیاگیا،جس کے دوران دونوں صدارتی امیدواروں کے حامی وکلاء کے مابین معمولی تلخ کلامی بھی ہوئی لیکن موقع پر موجود سینئرز نے حالات پر قابو پالیا،بعد ازاں چیف الیکشن بورڈ عادل عزیز قاضی اور ممبران کی جانب سے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا جس کے مطابق صدارتی امیدوار واجد گیلانی 770 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار اشرف گوجر نے 761 ووٹ لیے، ایڈیشنل سیکرٹری کیلئے فرزانہ فیصل خان 865ووٹ لیکر کامیاب جبکہ مدمقابل پلوشہ ایاز خان نے644 ووٹ لیے،جائنٹ سیکرٹری کیلئے عثمان ناصر 939 ووٹ لیکر کامیاب اور مدمقابل وجاہت غوری553 ووٹ لے سکے،فنانس سیکرٹری کیلئے ردا بتول860ووٹ لیکر کامیاب جبکہ مدمقابل سید صلاح الدین نے 625ووٹ لیے،نتائج کا اعلان ہونے پر کامیاب امیدواران کے حامی وکلاء نے نعرے بازی کی اور جشن منایا، ادھر صدراتی امیدوار چودھری محمد اشرف گجر نے نتائج پر اعتراضات اٹھا دیے اور ان کے حامی وکلاء کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ بھی کیاگیا۔یاد رہے کہ نائب صدارت کیلئے صابر احمد، سیکرٹری کیلئے بیرسٹر قاسم نواز عباسی، آڈیٹر کیلئے فاروق اقبال خان اورممبران ایگزیکٹو بلا مقابلہ ہی منتخت کرلیے گئے تھے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین