قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے پیر کے روز چار بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جن کی مجموعی مالیت 240 ارب روپے سے زائد ہے۔ایکنک نے ان منصوبوں کی منظوری اپنے اجلاس میں دی، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق دار نے کی۔نائب وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، منظور شدہ منصوبوں میں اے ایف آئی سی‑این آئی ایچ ڈی راولپنڈی کی توسیع، وزیر اعظم یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام، کراچی ییلو لائن بی آر ٹی کورڈور، اور گلگت بلتستان میں 34.5 میگاواٹ کا ہارپو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ شامل ہیں۔اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر منصوبہ بندی سندھ، ایس اے پی ایم طارق باجوا، سیکرٹری منصوبہ بندی، وزیر دفاع، سیکرٹری واٹر ریسورسز اور ایڈیشنل سیکرٹریز سمیت ایڈمنسٹریٹو اور مالیاتی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی
