وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں سپریم کونسل برائے اسلامک افیئرز کے زیر اہتمام 36 ویں بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر اپنے مصری ہم منصب وزیر برائے وقف مصر ڈاکٹر اسامہ الازہری سے ملاقات۔
وفاقی وزیر سردار یوسف نے ڈاکٹر اسامہ الازہری کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔پاکستان اور مصر کے دوطرفہ برادرانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔ دوطرفہ تعلقات کو کثیرالجہتی اہمیت دینے کی دونوں ممالک کی قیادت کی خواہش انتہائی خوش آئند اور باعث تحسين ہے۔ وفاقی وزیر نے کانفرنس کے دورا مصری صدر عزت مآب عبدالفتاح السیسی اور امام الاکبر شیخ احمد الطیب سے ملاقاتوں کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے وزیر وقف ڈاکٹر اسامہ الازہری کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔سردار محمد یوسف نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفینس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مابین حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور مصر کے درمیان مذہبی و روحانی شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے امام الاکبر شیخ الازہر اور وزیر برائے وقف ڈاکٹر اسامہ الازہری کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ڈاکٹر اسامہ الازہری نے وفاقی وزیر سردارمحمد یوسف کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان مذہبی تعاون کے ضمن میں وسیع امکانات تلاش کرتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لائے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اپنی پہلی فرصت میں دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے علاقائی اور عالمی چیلنج کے تناظر میں مصنوعی ذہانت اور اس سے درپیش مسائل کو مشترکہ کاوشوں سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
