ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے 62 اقسام کے پرانے اور استعمال شدہ برانڈڈ موبائل فونز کی درآمد پر نئی کسٹمز ویلیوز مقرر کر دی ہیں۔ اس حوالے سے پیر کے روز ویلیوایشن رولنگ نمبر 2035 برائے 2026 جاری کی گئی ہے۔نئی کسٹمز ویلیوز کا اطلاق پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز (بغیر کسی پیکنگ اور لوازمات) کی تجارتی مقدار میں درآمد پر ہوگا۔ جاری کردہ رولنگ کے مطابق اس میں ایپل، سام سنگ اور گوگل پکسل کے موبائل فونز شامل ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق موجودہ ویلیوایشن رولنگ ڈیڑھ سال سے زائد پرانی ہو چکی تھی اور اس میں طے کی گئی کسٹمز ویلیوز اب بین الاقوامی مارکیٹ کے حالات کی درست عکاسی نہیں کر رہی تھیں۔ اس کے علاوہ آئی فون اور دیگر اسمارٹ فونز کے کئی نئے ماڈلز کو شامل کرنا بھی ضروری ہو گیا تھا، جبکہ بعض پرانے ماڈلز اپنی مقررہ عمر یعنی اینڈ آف لائف تک پہنچ چکے تھے، جس کے باعث ان کی قدر میں کمی کو مدنظر رکھنا لازم تھا۔ان عوامل کو سامنے رکھتے ہوئے درآمدی ڈیٹا، مارکیٹ رجحانات اور بین الاقوامی قیمتوں اور ظاہر کردہ کسٹمز ویلیوز میں فرق کا جامع تجزیہ کیا گیا۔ اس کے بعد کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25 اور 25A کے تحت متعلقہ موبائل فونز کی کسٹمز ویلیوز ازسرِنو مقرر کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔ڈائریکٹوریٹ نے واضح کیا کہ نئی کسٹمز ویلیوز تجارتی مقدار میں درآمد ہونے والے موبائل فونز پر ڈیوٹی اور ٹیکس کے تعین کے لیے استعمال ہوں گی، اور ان کا اطلاق موبائل فونز کے کسی بھی مخصوص گریڈ یا حالت سے قطع نظر ہوگا۔نئی شرائط کے مطابق پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی برآمد سے کم از کم چھ ماہ قبل ایکٹیویشن ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ درآمد کنندہ کو ایکٹیویشن کی مدت ظاہر کرنا ہوگی، جس کی تصدیق متعلقہ کلیکٹریٹ کے اسیسنگ افسران کریں گے۔جن موبائل فون برانڈز یا ماڈلز کا ذکر رولنگ میں شامل نہیں، ان کی کسٹمز ویلیو کا تعین متعلقہ کلیئرنس کلیکٹریٹ کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25(5) اور 25(6) کے تحت کرے گا۔
