لاہور:
عالمی کرکٹ کے افق پر نئے ستارے جگمگانے کیلیے تیار ہیں ، انڈر 19 ورلڈ کپ کا میلہ آج سے سجے گا،زمبابوے اور نمیبیا میں 16 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ آج سے شروع ہو رہا ہے،اس مرتبہ میزبانی زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں ، میچز 50 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔افتتاحی میچ کوئنز اسپورٹس کلب بولاوایو میں بھارت اور امریکا کے درمیان ہوگا،زمبابوے و اسکاٹ لینڈ تاکاشنگا اسپورٹس کلب ہرارے جبکہ تنزانیہ و ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ایچ پی اوول نمیبیا میں مدمقابل ہوں گی۔گروپ مرحلے میں 24 میچز 10 دن کے دوران کھیلے جائیں گے، زمبابوے میں میچز کوئنز اسپورٹس کلب، ہرارے اسپورٹس کلب اور تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں ہوں گے۔نمیبیا میں ونڈہوک کے نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ اور ایچ پی اوول مقابلوں کی میزبانی کریں گے۔گروپ مرحلے کے بعد سپر سکس مرحلہ بھی دونوں ممالک میں ہوگا تاہم سیمی فائنلز اور فائنل مکمل طور پر زمبابوے میں کھیلے جائیں گے۔سیمی فائنلز 3 اور 4 فروری کو ہوں گے جبکہ فائنل 6 فروری کو ہرارے میں منعقد کیا جائے گا۔
دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ایک بار پھر ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گا۔ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں،ان میں گزشتہ ایڈیشن کی ٹاپ سائیڈز کے سوا چند حیران کن نام بھی شامل ہیں، تنزانیہ پہلی بار کسی عالمی کرکٹ ایونٹ میں حصہ لے رہا ہے۔افریقی کوالیفائرز میں تنزانیہ نے تمام 5 میچز جیت کر نمیبیا، کینیا اور نائیجیریا جیسی ٹیموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔جاپان نے ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر جیت کر دوسری بار انڈر 19 ورلڈ کپ میں جگہ بنائی ، افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور امریکا بھی کوالیفائنگ مرحلوں سے ہوتے ہوئے ایونٹ کا حصہ بنے۔
