تھائی لینڈ میں بدھ کی صبح ایک افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 22 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ بنکاک سے ملک کے شمال مشرقی صوبے کی جانب جانے والی ایک مسافر ٹرین کے ساتھ پیش آیا، جو ناکھون راچاسیما صوبے کے ضلع سکھیو میں پٹری سے اتر گئی۔یہ مقام دارالحکومت بنکاک سے تقریباً 230 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔مقامی پولیس چیف تھاچاپون چنناوونگ نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ حادثے میں 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 30 سے زیادہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔اُن کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ٹرین تھائی لینڈ کے صوبے اوبون راچاتھانی جا رہی تھی۔مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ریلوے ٹریک کے قریب ایک ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر کام جاری تھا۔اسی دوران ایک تعمیراتی کرین اچانک چلتی ہوئی ٹرین کے ایک ڈبے پر آ گری۔ کرین کے ٹکرانے سے ٹرین پٹری سے اتر گئی اور کچھ دیر کے لیے آگ بھی لگ گئی۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر امدادی کارروائیوں کی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار ملبہ کاٹ کر زخمی مسافروں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں
